محکمہ سیاحت خیبرپختونخوااور نیسلے پاکستان کے تعاون سے کچرے سے پاک سیاحتی مہم کا آغاز

پشاور:محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری کائیٹ پراجیکٹ اور نیسلے پاکستان کے باہمی اشتراک سے خیبرپختونخوا میں ماحولیات کے تجربے کیلئے ذمہ دارانہ سیاحت (ٹریک) کے فروغ کیلئے مہم کا آغاز کیا گیا جس کا مقصد کوڑا کرکٹ سے پاک مستقبل اورذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا نے نیسلے پاکستان کے ساتھ مل کر خطے میں ذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دینے کیلئے پہلے مرحلے میں نتھیاگلی میں ٹریک مواصلات مہم کاآغاز کیا۔ واضح رہے کہ دسمبر 2020 میں وزیراعظم عمران خان نے ٹریک مہم کے لوگو کی نقاب کشائی کی تھی جو خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈیویلپمنٹ (کائیٹ) منصوبے کا ایک حصہ ہے۔ ٹریک مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کائیٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر توصیف خالد نے کہاکہ ورلڈ بینک گروپ اور نیسلے پاکستان کی شراکت میں خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈیویلپمنٹ (کائیٹ) منصوبے کے تحت ٹریک مہم ایک پہلا قدم ہے۔ ٹریک مہم میں ٹھوس کچرے کے انتظام کے سامان کی فراہمی، سیاحوں کیلئے آگاہی مہم، معلوماتی سائن بورڈز کی تنصیب، فضلہ کو کم سے کم کرنے اور جمع کرنے کے بارے میں مقامی کمیونیٹیز کی تربیت کے علاوہ کائیٹ کے تحت سیاحوں کی سہولت کیلئے آرام گاہوں (ریسٹ آئیریاز) کی فراہمی شامل ہے۔ نیسلے پاکستان کے سی ای او سمیر چیڈڈ نے تقریب سے خطاب میں کہاکہ نیسلے میں ہمارا وژن ہے کہ ہماری کوئی پیکنگ جس میں پلاسٹک شامل ہے لینڈ فل یا ندیوں میں شامل ختم نہیں ہوتا ہے۔ اس مقصد کیلئے ہم نیعہد کیا ہے کہ 2025 تک ہماری سو فیصد پیکنگ دوبارہ قابل استعمال یا قابل تجدید ہے۔ ہم ذمہ دارسیاحت کے بارے میں اس شراکت داری کیلئے پرجوش ہیں ہم ایک صاف ستھرے ماحول کی راہ میں اہم کردار ادا کرنے والے نئے طرز عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے کچرے سے پاک مستقبل کی تشکیل کریں گے۔ڈائریکٹر گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی علی رضا نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بھی گلیات کو کچرے سے پاک کرنے میں کوشاں ہے اور اس سلسلے میں اس مہم کا آغاز ایک احسن اقدام ہے جس میں جی ڈی اے بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ ایکو ٹورازم ماحول سیاحوں کو دیں اور سیاح بھی اس ماحول کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں۔ سینئر پرائیویٹ سیکٹر اسپیشلشٹ ورلڈ بینک کرن افضل نے کہاکہ اس موقع پر ٹریک مہم کے نفاذ میں ایک اہم مرحلے کی نشاہدہی کی گئی ہے اور ہمیں ذمہ دار انہ سیاحت کیلئے نجی شعبے کی طرف سے مزید شراکت داری کی توقع ہے۔ نیسلے پاکستان اور محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کی اس مہم میں دو اہم ستون شامل ہیں ایک زبردست آگاہی مہم، ریسائیکل اور دوبارہ استعمال پر توجہ مرکوز کرنے والی مہم اور ایسی سرگرمیاں شامل ہیں جو فضلہ، آلودگی اور جنگلی حیات کی تباہی کے مسائل سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ اس موقع پر شرکاء نے محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کی جانب سے سیاحت کے کردار کو اجاگر کرنے، سڑکوں کی تعمیر، امدادی کام، سیاحت کے زونوں کی منصوبہ بندی کے ذریعے رسائی کو بہتر بنانے اور روزگار کے مواقع پیداکرنے والے حکومتی اقدامات اور کوششوں کو سراہا۔